گورنربلوچستان آمان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے

گورنربلوچستان آمان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے. یہاں ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع دستیاب ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ تمام سرمایہ کار صوبے میں دستیاب مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں اینگرو کارپوریشن کے صدر غیاث خان کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر اینگرو انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احسان ظفر سید اور ایڈوائزر ٹو اینگرو کارپوریشن بریگیڈیئر ریٹائرڈ طارق قادر لکھیار بھی موجود تھے. ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں توانائی کے بحران پر قابو پانے، مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور اقتصادی ترقی وخوشحالی کے مقررہ اہداف کے حصول میں سرمایہ کار بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں. صوبہ میں سرمایہ کاری سے نہ صرف مقامی سطح پر لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر ہونگے بلکہ صوبہ بھی بہت جلد ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا. انہوں نے کہا کہ اب روایتی طریقوں سے صوبے بھر کے عوام کو بجلی اور گیس کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اب ممکن نہیں ہے. لہٰذا وقت آپہنچا ہے کہ توانائی کے متبادل اور جدید ذرائع اپنایا جائے کیونکہ جدید ٹیکنالوجی اور متبادل ذرائع توانائی سے ہی ہم اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں