ورلڈ کپ 2011 فائنل میں فکسنگ کی تحقیقات اچانک بند کر دی گئیں

کولمبو: ورلڈ کپ 2011 فائنل میں فکسنگ کی تحقیقات اچانک بند کر دی گئیں۔سری لنکا کے سابق وزیر کھیل مہندانندا آلوتھگامگے نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ طاقتور مافیا نے تفتیش بند کرانے کیلئے بہت بڑی رقم خرچ کی، میں نے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو ورلڈ کپ 2011 کا فائنل فکسڈ ہونے کے مزید شواہد دینے کی پیشکش کردی ہے۔ سابق سری لنکن وزیر کھیل اور موجودہ وزیر توانائی مہندانندا آلوتھگامگے نے ورلڈ کپ 2011 کا فائنل آئی لینڈرز کی جانب سے بھارت کو فروخت کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر وزارت کھیل کے خصوصی انویسٹی گیشن سیل نے معاملے کی تحقیقات کیں، اس دوران سابق چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا، اوپنر اپل تھارنگا اور کپتان کمارسنگاکارا سے گھنٹوں تفتیش ہوئی،پھر شواہد نہ ہونے کی وجہ سے یہ کیس ہی بند کردیا۔جس پر آلوتھگامگے نے کہاکہ یہاں پر ایسے طاقتور لوگ موجود ہیں جنھوں نے بھاری رقم خرچ کر کے تحقیقات بند کرا دیں، میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے چیف الیکس مارشل کو اس مقابلے کے حوالے سے مزید شواہد پیش کرنے کی پیشکش بھی کرچکا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پولیس نے میرے دعوے کی درست انداز میں تفتیش نہیں کی۔انھوں نے ملکی صدر گوٹابیا راجاپکسے سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے میں مداخلت کریں اور آئی سی سی پر بھی تحقیقات دوبارہ کھولنے کیلئے بھی دباوڈالیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں