بارش سے لاہور میں 200 فیڈرز ٹرپ، مختلف شہروں میں 3 بچے جاں بحق، 8 افراد زخمی

لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے، لاہور میں 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ شیخوپورہ، مرید کے، ننکانہ صاحب اور تلہ گنگ میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 بچے جاں بحق، 8افراد زخمی ہوگئے۔ کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزادکشمیرمیں بادلوں کے ڈیرے، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں آندھی کے بعد وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، گوجرانوالہ، ڈسکہ، حافظ آباد، فیصل آباد اورسکھیکی میں کھمبے اوردرخت زمین پر آن پڑے۔ تلہ گنگ میں مکان کی چھت گرنے سے بچی چل بسی، دو خواتین کوچوٹیں آئیں۔ ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور مریدکے میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں دو بچے جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے۔ سرگودھا، بھلوال ،خوشاب، جوہرآباد، منڈی بہاؤالدین، شورکوٹ اور سانگلہ ہل میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، ملتان، چشتیاں، قصور، چنیوٹ، جھنگ اور دینہ سمیت متعدد شہروں میں بجلی غائب ہوگئی۔ ا?ندھی اور بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی اور موسم خوشگوار ہوگیا، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، دیربالا، ڈی آئی خان سمیت خیبر پختونخوا، گلگت، کشمیر میں بھی بادل برسے، موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ منگل تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں