سنگاپور میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آبا د: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنرکو ہدایت کی ہے کہ سنگاپور میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں ، پاکستان اور سنگاپور کے مابین باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ، ٹیکنالوجی، تعمیرات، صنعت و زراعت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔جمعرات کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا ۔سنگاپور میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر محترمہ رخسانہ افضال اور پاکستانی سفارت خانے کے سینیر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔سنگاپور میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نے پاکستان اور سنگاپور پور کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی نوعیت اور تجارت کے حجم میں اضافے سمیت، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور سنگاپور کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سنگاپور کے مابین باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔انھوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی، تعمیرات، صنعت و زراعت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔- وزیر خارجہ نے ہدایت کی کہ سنگاپور میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں