نئی سوچ نے پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے آکسیجن کا کام کیاہے،صفدرماہی

خالق نگر (این این آئی)معروف گلوکارواداکارصفدرماہی نے کہا ہے کہ اس وقت باکس آفس کی ترجیحات بدل چکی ہیں، فلم بین فضول اچھل کود کے بجائے معیاری تفریح چاہتے ہیں۔ایک ملاقات کے دوران صفدرماہی نے بتایا کہ فلم میکنگ میں زیادہ نئے لوگ ہی ہیں جوجدید ٹیکنالوجی کے ساتھ منفرد موضوعات کوترجیح دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کومخصوص حصار سے نکالنا بے حد ضروری ہے۔ کیونکہ نئی سوچ نے پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے آکسیجن کا کام کیاہے۔ صفدرماہی نے کہا کہ وسائل کے ساتھ اسکرپٹ، میوزک اور کاسٹنگ سمیت ہر شعبہ کا مضبوط پیپر ورک ہونا ضروری ہے، ان میں سے کہیں بھی ذرا سی کوتاہی کا خمیازہ پوری ٹیم کو بھگتنا پڑتا ہے۔ وقت کے ساتھ فلم میکنگ میں بہتری آتی جارہی ہے، ہر کوئی ایک دوسرے سے منفرد نظر آنے کے لیے محنت کر رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ فلم بینوں کو بھی چاہیے کہ وہ فلموں کی حوصلہ افزائی کے لیے سینماؤں میں آئیں۔ جب تک ایسا نہیں ہوگا تب تک بہتری کی بات کرنا فضول ہے۔ فلم بین سینما میں جائیں گے توان کی پسند اورناپسند کے بارے میں نوجوان فلم میکر جان سکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں