اْمید ہے ناصر جمشید کی غلطی سے دوسرے سبق سیکھیں گے، اہلیہ

لندن (این این آئی)اسپاٹ فکسنگ کیس برطانوی عدالت سے سزا پانے والے کرکٹر ناصر جمشید کی اہلیہ ثمرہ افضل نے کہا ہے کہ یہ میری زندگی کا مشکل ترین دن ہے۔برطانوی عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر جمشید کی اہلیہ نے کہا کہ ناصر کی غلطی سے اْمید ہے دوسرے سبق سیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سال سے ہم جس تکلیف میں تھے، اْس سے کوئی نہ گزرے۔اہلیہ نے کہا کہ ناصر جمشید کا مستقبل خاصا تابناک ہوتا اگر وہ محنت کرتے اور کرکٹ کے کھیل سے مخلص ہوتے جس نے اسے بہت کچھ دیالیکن اس نے شارٹ کٹ کو اپنایا اور سب کچھ کھودیا، جس میں کیریئر، حیثیت، عزت اور آزادی شامل ہے اور پھر اس بات کے بھی امکانات موجود تھے کہ اسے برطانوی شہریت مل جاتی اور وہ کائونٹی کرکٹ کھیلتا، مگر اس نے یہ چانس بھی کھودیا۔ثمرہ افضل نے بتایا کہ ناصر جمشید وقت کو تبدیل کرنے کے لیے کچھ کرسکتے اور یہ سب کچھ نہ کھوتے باالخصوص اپنی بیٹی کو، جس کے وہ بہت قریب تھے لیکن اب بہت تاخیر ہوچکی۔ مجھے امید ہے کہ تمام کرکٹرز کرپشن سے بچنے کے لیے اس مثال کو اپنے سامنے رکھیں گے۔ ایک انٹر نیشنل کرکٹر غالباً میرے جیسے ڈاکٹر سے زیادہ کما سکا سکتا ہے لیکن میری یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ اس بدعنوانی میں کیوں ملوث ہوجاتے ہیں!

اپنا تبصرہ بھیجیں