بہت پہلے سے کہہ رہا ہوں نواز شریف چلے جائیں گے،شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ بہت پہلے سے کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف ملک سے باہر چلے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق آج حکومت کی جانب سے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں بہت پہلے سے کہہ رہا ہوں نواز شریف چلے جائیں گے، قطر والوں نے پچھلے منگل کو آنے کی اجازت مانگی تھی، قطر کی ایئر ایمبولینس ان کے لیے تیار کھڑی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انھیں ابھی معلوم نہیں کہ نواز شریف کب باہر جائیں گے، انھوں نے کہا میں اس سلسلے میں شام کو بتاوں گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو فضل الرحمان کی دعائیں لگی ہیں، اللہ دونوں کو صحت دے، جہاں تک نواز شریف کے سیاسی بحران کے شکار ہونے کا سوال ہے تو اس کی وجہ مریم نواز ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ میں یہ بھی ایک سال سے کہہ رہا ہوں کہ نواز شریف سے کوئی پیسا نہیں نکلے گا، ملک کا لوٹا ہوا پیسا آصف زرداری کے دوستوں سے نکلے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں