اپوزیشن 20 تاریخ سے اپنی جدو جہد کاآغاز کرے گی، رانا ثنا اللہ

لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نیب احتساب نہیں پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے، نیب کو تمام ہدایات حکومت دیتی ہے، ملک پر نالائق ٹولہ اس ملک پر مسلط ہے، اپوزیشن 20 تاریخ سے اپنی جدو جہد کاآغاز کرے گی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ نیب خود مختار ادارے کے طور پر کام نہیں کر رہا، نیب ناک پر بیٹھی مکھی نہیں ہٹاسکتا سب اوپر سے ہو رہا ہے، نیب چیئرمین سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر تک سب مجبور ہیں، نوٹس دینا بھی نیب کی مجبوری ہے، حکومت نیب کو بتاتی ہے کس پر کیس کرنا ہے کس کو پکڑنا ہے، یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن رہنماں کو انکوائری کے دوران ہی گرفتار کرلیا جاتا ہے، جبکہ بلین ٹری انکوائری پر کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہمارا فیصلہ ہے نوازشریف پہلے اپنا علاج مکمل کروائیں اس کے بعد واپس آئیں جبکہ اپوزیشن 20 تاریخ سے اپنی جدو جہد کاآغاز کرے گی۔ واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ سے ان کی اہلیہ، داماد اور بیٹی کی جائیدادوں اور بسم اللہ سوسائٹی میں خریدے گئے پلاٹوں سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق نیب راناثناسے پیراڈائزویلی فیصل آبادمیں 2کروڑکی سرمایہ پربھی پوچھ گچھ کرے جبکہ فیصل آبادمیں 3کروڑ50 لاکھ کی دکان سے متعلق بھی پوچھ گچھ ہوگی۔ذرائع کے مطابق راناثنا سے ظاہر کئے گئی8 کروڑ کے منافع، 40کروڑ کی دیگرپراپرٹیز کے شواہد کے حوالے سے بھی تفتیش ہوگی اور فیصل آبادمیں دکانوں اورآرایس کے لمیٹڈمیں سرمایہ کاری سے متعلق متعلق پوچھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں