ے گناہ اور معصوم نمازیوں پر حملہ کرنیوالے ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے‘عثمان بزدار

لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے ملاقات کی ۔ اتحاد و یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ملاقات میں کوئٹہ خودکش حملے کی شدید مذمت، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں خودکش حملہ ہر لحاظ سے قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ بے گناہ اور معصوم نمازیوں پر حملہ کرنے والے ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے۔ مساجد میں حملے کرنے والے مسلمانوں کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ ہر انسان کی جان کی قدر و منزلت ہے، قتل گھنائونا اور ناقابل معافی اقدام ہے ۔ انہوںنے کہا کہ علمائے کرام ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ پاکستان کی یکجہتی ،سلامتی اور استحکام میں علمائے کرام کا کردار ملکی تاریخ کا روشن باب ہے۔علمائے کرام اور مشائخ عظام فرقہ وارانہ عصبیت سے پاک اسلامی بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کیلئے بھرپور کاوشیں کریں۔عثمان بزدارنے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ نریندر مودی کی جانب سے کشمیر یوں پر ظلم سے خطہ میں امن کو بڑا دھچکا لگا۔ عالمی برادری کو پاک بھارت کشیدگی ختم کروانے میں بنیادی کردار ادا کرنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری دنیا میں نریندرمودی کی سیاست کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہوچکاہے۔ نریندرمودی نے کالاقانون پاس کرکے انڈیا کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے۔مودی سرکار کو تاریخ میں دہشت گرد سرکار کے نام سے یاد رکھاجائے گا۔پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم عمران خان ملکی و غیر ملکی معاملات پر انتہائی فہم وفراست سے فیصلے کررہے ہیں۔ عمران خان نے مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں