کلثوم نوازشریف نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں مختصر لیکن انمٹ سیاسی کردار ادا کیا، شہبازشریف

اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ جنت آشیانی کلثوم نوازشریف نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں مختصر لیکن انمٹ سیاسی کردار ادا کیا،انہوں نے اس وقت آمر کو للکارا جب بڑے بڑے مرد میدان گھروں اور ڈرائنگ روم تک محدود تھے، بیگم کلثوم نوازشریف کی پہلی برسی پر پیغام میں انہوں نے کہا ان کی جمہوریت کے لئے قربانیوں اور عزم کا ثمر تھا کہ ملک میں جمہوریت واپس لوٹی ایک خالص گھریلو، تعلیم یافتہ، ادب شناس اور خاموش گو خاتون جس عزم وہمت سے آمریت سے ٹکرائی، وہ سیاسی تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہے وہ آج مادر جمہوریت کے طورپر اپنی ہمیشہ کی یاد بن کر ہم میں موجود ہیں محترمہ فاطمہ جناح، تحریک پاکستان کی معزز ومحترم خواتین، محترمہ بے نظیر بھٹو اور کلثوم نوازشریف پاکستانی سیاسی تاریخ میں باہمت اور پرعزم خواتین کا انمٹ باب ہیں وہ ایک شفیق ماں، وفادار شریک حیات، غمگسار بہن، رحم دل و دین دار، اسلامی ومشرقی اقدار پر کاربند مسلمان اور پاکستانی اور باہمت سیاسی رہنما تھیں۔ انہوں نے کہا وہ ہماری یادوں، دعاوں اور پاکستانی کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی یہ دکھ ہمیشہ رہے گا کہ ایک اچھے انسان کو بستر مرگ پر بھی طنز کا نشانہ بنایا گیا، آج ان تمام کو اللہ کے حضور معافی مانگنی چاہئے جنہوں نے ایک اچھے انسان کو دنیا سے رخصت ہوتے ہوئے بھی دعا کے بجائے طنز کا نشانہ بنایا، کلثوم نواز شریف کا انتقال ہم سب کے لئے ایک سبق ہے کہ سیاسی اختلاف پر بنیادی انسانی و اخلاقی قدروں کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں