پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پی ایس ایل میں حصہ لینے کیلئے کراچی پہنچ گئے

کراچی(این این آئی)پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پی ایس ایل میں حصہ لینے کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں،سیمی ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پشاور زلمی کیلئے کھیلیں گے۔ڈیرن سیمی گزشتہ رات کراچی ایئر پورٹ پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ پاکستان آکر خوشی محسوس ہو رہی ہے، پی ایس ایل کیلئے تیار ہیں اور بہت پر جوش بھی ہیں۔ڈیرن سیمی کو کراچی میں دیکھ کر مداحوں کی بڑی تعداد ان کے آس پاس جمع ہوگئی اور سیلفیاں لینے لگی۔واضح رہے کہ ڈیرن سیمی پاکستان سپر لیگ فائیو کے لیے پاکستان پہنچنے والے پہلے غیر ملکی کرکٹر ہیں ۔دریں اثناء ڈیرن سیمی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اطلاع دی تھی کہ وہ پاکستان جا رہے ہیں اور کہا تھا کہ یہ کرکٹ نہیں بلکہ اس سے آگے کی چیز ہے۔ڈیرن سیمی نے اردو میں ٹوئٹس کر کے جہاں پی ایس ایل کے لیے اپنا جوش و جذبہ دکھایا وہیں پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کے دل بھی جیت لیے۔دوسری جانب پشاور زلمی پی ایس ایل فائیو کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کل(جمعہ)14 فروری سے کراچی میں کرے گی۔پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔پہلی بار ایسا ہورہا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جارہے ہیں۔ میچز کراچی ، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں