وزیر اعظم عمران خان نے میڈیا ہائوسز کے مسائل حل کر نے کا فیصلہ کرلیا ، کمیٹی تشکیل ، وزیر اعظم خود کمیٹی کی سربراہی کرینگے ، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (این این آئی)معاون اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے میڈیا ہائوسز کے مسائل حل کر نے کا فیصلہ کرلیا ، کمیٹی تشکیل ، وزیر اعظم خود کمیٹی کی سربراہی کرینگے ۔معاون اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں کے مسائل سے متعلق میں ایوان میں بات ہوئی جس کو اپوزیشن نے غلط رنگ دیا،اپوزیشن نے صحافتی آزادی نہ ہونے سے متعلق بتایا جو غلط بیانی ہے، کہا جا رہا ہے کہ حکومت صحافت کا گلہ گھونٹ رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرمایہ کاروں کے لئے راستے کھل رہے ہیں،ملک میں معیشت بہتری کی طرف سے جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ موڈیز اور عالمی معاشی اداروں نے کہا پاکستان نے معیشت کو مشکل مراحل سے نکال کر بہتر کی طرف جا رہی ہے،میڈیا ملک کا بہتر تاثر بناتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ میڈیا ہاؤسز کے مسائل حل کئے جائیں،اس مسلے کے مستقل حل کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے،وزیراعظم خود اس کمیٹی کی سربراہی کریں گے،صحافیوں کی تنظیموں کے صدور اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا مالکان کے واجبات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا،میڈیا مالکان اور صحافیوں کے درمیان گیپ کو کم کیا جائیگا،آزادی اظہار پر قدغن کی بات کرنے والوں کو بھی کمیٹی میں بلایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ طلبا یونین سیاست دانوں کی نرسری ہے،گملوں میں پیدا ہونے والے پودے پانی نا دینے پر خشک ہو جایا کرتے ہیں،طلبا یونین کا کردار انتہائی اہم ہے،طلبا کا ہتھیار قلم ہے نا کہ وہ اسلحہ کا استعمال کرے۔ انہوںنے کہاکہ اسلامک یونیورسٹی کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور اس سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں،ایچ ای سی اور وزارت تعلیم کو احکامات دئیے گئے ہیں،یونیورسٹیوں کو اسلحہ اور منشیات سے پاک کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے قانون کو طاقتور بنایا ہے،طاقتور قانون سے پاکستان کو طاقتور بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں