چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے حکومت کے نامزد کردہ نام متنازع ہیں ، زاہد خان

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان نے کہاہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے حکومت کے نامزد کردہ نام متنازع ہیں ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق کرے تاکہ اگلے الیکشن میں کوئی انگلی نہ اٹھا سکے ۔ انہوںنے کہاکہ 2018 کے الیکشن میں موجودہ حکومت سیلیکٹ ہو کر آئے،اس لیے ہم حکومت کے نام پر اعتماد نہیں کر سکتے ۔انہوںنے کہاکہ بہتر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے اپوزیشن کے نامزد تین ناموں میں سے کسی پر اتفاق کریں ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کے تجویز کردہ افراد اچھی شہرت کے حامل ہیں ،حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے لئے تجویز کردہ چند ناموں کی پشت پناہی ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کسی صورت میں ایسے متنازع افراد کو چیف الیکشن کمشنر تعینات نہیں ہونا چاہیے ،اگر ایسا ہوا تو عام انتخابات 2018 والی صورت حال دوبارہ پیدا ہو جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں