سرفراز سے بدتمیزی کرنے والے صحافی کا اقبال اسٹیڈیم میں داخلہ بندکردیا گیا

فیصل آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بدتمیزی کرنے والے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا۔گزشتہ دنوں سرفراز احمد نے صحافیوں کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی کپتانی سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اسد شفیق کو ان کی جگہ کپتان بنایا گیا۔صحافی نے سرفراز احمد سے پوچھا تھا کہ آپ نے سری لنکا سے شکست پر قوم کو مایوس کیا، اس بری کارکردگی پر آپ کے مستقبل میں میچ دیکھنے کون آئے گا؟ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے فیصل آباد کے صحافی نے جس انداز میں بدتمیزی کی، اس پر ٹیسٹ وکٹ کیپر سخت ناراض ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ سرفراز احمد کے ساتھ ایک مقامی صحافی نے بدتمیزی کی تھی جس پر بورڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا اور نجی ٹی وی کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔کرکٹ بورڈ نے صحافی پر قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ میڈیا کے حوالے سے بورڈ کی پالیسی کلیئر ہے کہ کرکٹرز ہمارے ہیروز اور اسٹار ہیں، ان سے سوالات ضرور پوچھے جائیں لیکن کسی کو بدتمیزی یا اخلاقی حدود پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں