آئی سی سی نے ہر سال ورلڈ کپ کرانے کا فیصلہ کر لیا

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ہر سال ورلڈ کپ کرانے کا فیصلہ کر لیا، 2023سے 8برس میں 8مینز ایونٹ، اتنے ہی ویمنز ایونٹ، 4مینز انڈر 19اور اتنے ہی ویمنز انڈر 19ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی دولت کیلئے بڑھتی ہوئی طلب نے کھیل کو پہلے سے ہی دائو پر لگایا ہوا ہے،اب وہ خزانوں کو لبالب بھرنے کی لالچ میں اپنے میگا ایونٹس کو بھی بے وقعت کرنے پر تل گئی ہے، 2023سے 2031تک 8برس کے دورانیہ میں 8مینز، 8ویمنز، 4مینز انڈر 19اور اتنے ہی ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹس منعقد کیے جائینگے۔اگرچہ آئی سی سی کی جانب سے اس عرصے میں ٹی 20اور ون ڈے ورلڈ کپ کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا، البتہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعوی کیا گیاکہ کونسل ہر سال ٹی 20اور ہر 3سال بعد ون ڈے ورلڈ کپ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، آئی سی سی میزبانی کیلئے تمام ممبران سے اظہار دلچسپی طلب کرے گی۔ بڈنگ کا عمل ویمنز اور انڈر19ایونٹس کی میزبانی سے 2020کے آغاز میں شروع ہوگا۔چیئرمین ششانک منوہر نے کہا کہ تمام آپشنز کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد بورڈ نے محسوس کیاکہ کیلنڈر میں مستقل مزاجی اور کھیل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کیلیے ہر سال مینز اور ویمنز کے بڑے ایونٹس کا انعقاد ضروری ہے، اس سے اسٹرکچر بہتر جبکہ کھیل کو فروغ ملے گا، اسی طرح تمام اسٹیک ہولڈرز کیلیے مواقع بھی بڑھیں گے، ہم ایک ایسا بڈنگ ماڈل بھی تیار کررہے ہیں جس سے 2023کے بعد تمام ممالک کو آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے یکساں مواقع ملیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں