عوام کے حقوق اور ریلیف کی خاطر شب و روز کوششیں جاری رکھنا ہمارا نصب العین ہے،سردار عبدالرحمان کھیتران

بارکھان( ویب ڈیسک )صوبائی وزیرخوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی اور دیر پا نتائج کے حامل طریقہ کار بنانا عین عبادت سمجھتے ہیں جبکہ عوام کے حقوق اور ریلیف کی خاطر شب و روز کوششیں جاری رکھنا ہمارا نصب العین ہے۔ وطن اورعلاقے کی ترقی اور خوشحالی بھیک مانگنے سے نہیں بلکہ قومی اختیار اور عوام کی جمہوری حکمرانی سے ممکن ہے تاہم عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلع بارکھان کے دورے پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرعلاقے کے سیاسی،سماجی معتبرین سمیت بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنان اور عہدہ داران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سر و مال کے تحفظ اوران کے حقوق و اختیارات کے حصول کےلئے ہماری جہدوجہد جاری رہیگا ۔جبکہ صوبائی حکومت کا وزیر اعلی جام کمال خان کی قیادت میں عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کی بروقت اور معیاری طور پر تکمیل عوام سے پوشیدہ نہیں۔ اب چونکہ مظلوم عوام سے ووٹ لے کر اقتدار میں صرف کرپشن اور مفادات کو ترجیح دینے والے بے نقاب ہوچکے ہیں ۔تاہم ذی شعور عوام کے رد کردہ اور ناکامی سے دوچارعوامل مختلف ہتھکنڈ وں کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور اقدامات کے باعث تمام سرکاری محکموں کی فعالیت اور ان کے ذریعے عوامی خدمت کی از سرنو شروعا ت ہو چکے ہیں تاہم عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام اداروں کو مستحکم اور با اختیار بنانا ہوگا ۔ کیونکہ عوام کے ووٹ سے منتخب نمائندوں کا کردار عوام کے حقوق اور توقعات کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں