ایک مرتبہ پھر قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر رانا ثناء اللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر رانا ثناء اللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں،رانا صاحب پہلے اندرونی لڑائی میں مبتلا اپنی قیادت کے مابین پارٹی میں مڈ ٹرم انتخابات کرائیں۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ رانا صاحب فرماتے ہیں کہ میاں صاحب اگر ہسپتال سے گھر جا سکتے ہیں تو ریستوران بھی جاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ان کا مطلب ہے کہ میاں صاحب تندرست ہیں اور ریستوران سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ رانا صاحب پہلے اندرونی لڑائی میں مبتلا اپنی قیادت کے مابین پارٹی میں مڈ ٹرم انتخابات کرائیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آپ کی سیاسی ساکھ ختم اور قیادت سر پر پاؤں رکھ کر باہر بھاگ چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جس مقدمہ میں آپ کو ضمانت ملی ہے اس کا ٹرائل ابھی باقی ہے، اس پر توجہ دیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آپ حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں جس نے اپنے کارکنوں کو پھر دھوکہ دیا اور ان کے اعتماد کا خون کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں