معاشرے کی ترقی میں اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اساتذہ سماجی ڈھانچے میں اہم مقام رکھتے ہیں مشیر برائے ثانوی تعلیم میر محمد خان لہڑی

کوئٹہ20نومبر:۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم میر محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی میں اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اساتذہ سماجی ڈھانچے میں اہم مقام رکھتے ہیں۔ مثالی معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔ موجودہ حکومت استاد کے احترام اور سماجی رتبے کی بحالی کے لیے کوشاں ہے اساتذہ کی عزت و تکریم پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔ استاد کی عظمت ایمانداری نیک نیتی اور خلوص دل سے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیرآباد سے آئے ہوئے اساتذہ کے مختلف نمائندہ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں کوئٹہ میں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ موجودہ حکومت اساتذہ کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور اساتذہ کرام کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے کی ترقی اور اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ محمد خان لہڑی نے اساتذہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ایمانداری اور خلوص نیت سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور غفلت کے مرتکب اساتذہ کی حوصلہ شکنی کریں۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ مغرب آج ترقی کے منازل تیزی سے طے کررہا ہے کیونکہ انہوں نے خلوص نیت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنایا ہوا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ہمارے اساتذہ بھی اپنے فرائض کا احساس کرتے ہوئے معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ حکومت قابل اور محنتی اساتذہ کی ہر ممکن معاونت کیلئے تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں