امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے ،قاسم خان سوری

کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے معاہدے سے پاکستان اورافغانستان میں امن آئے گا ، چائنا پاکستان کا دیرینہ دوست ہے چائنا کے صدر کے پاکستان کے دورے کے مثبت اثرات مرتب ہونگے ، گوادر سی پورٹ منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا حکومت نے گوادر سی پیک منصوبے کے تحت ویسٹرن منصوبے پرکا آغاز کردیا ہے ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پی اینڈ ٹی کالونی میں واقع یوٹیلٹی اسٹور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پرپی ٹی آئی کے صوبائی رہنما عبدالباری بڑیچ ،داود خان ، ایوب ترین ایڈووکیٹ اوردیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی اسپیکرقاسم خان سوری نے کہا کہ انہوں نے عوام کو یوٹیلٹی سٹور پر وزیراعظم کی ہدایت پر سستے داموں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے آج کوئٹہ میں یوٹیلٹی اسٹور کا دورہ کیا جہاں عوام کو سستے داموں آٹا،چینی ،دالیں ،گھی اوردیگراشیاء فراہم کی جارہی ہیں جس سے غریب عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام کو اشیاء خوردوخوش کی خریداری کیلئے راشن کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے غریب عوام ماہانہ 3ہزار روپے کا راشن خرید سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کوآسان شرائط پر قرضے دے رہی ہیں جس سے نوجوان یوٹیلٹی سٹورز کی فرنچائز کھو ل سکیں گے جہاں یوٹیلٹی اسٹورز ریٹ پراشیاء فروخت کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو امن و امان کے حوالے سے بڑا چیلنج درپیش ہے پاکستان دشمن ملک دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت ، سیکورٹی فورسزاور عوام ملکر انہیں اپنے مذموم عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصرنے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے کبھی شیعہ سنی اور کبھی قومیت کے نام پر لڑایا ہے کوئٹہ میں گزشتہ دنوں ہونے والا بم دھماکہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں بے گناہ افراد شہیداورزخمی ہوئے اور بھارت افغانستان میں بیٹھ کر دہشت گردی کرتا رہا ہے جس کا واضح ثبوت بلوچستان سے کلبھوشن کی گرفتاری ہے۔۔ ایک سوال کے جواب میں قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کا کردارادا کیا ہے امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے سے پاکستان اور افغانستان میں امن آئے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم ایک آزاد اور خودمختار افغانستان چاہتے ہیں جہاں افغانستان کے عوام اپنے فیصلے خود کرسکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان عالمی لیڈر کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں گزشتہ دنوں ترک صدر نے پاکستان کا دورہ کیا اب چائنا کے صدر پاکستان آرہے ہیں چائناپاکستان کا برادر ہمسیایہ ملک ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے گوادرسی پیک منصوبے سے بلوچستان کے عوام کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا موجودہ حکومت نے ویسٹرن منصوبے پر کام کا آغاز کردیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں