اقلیتوں کا تحفظ ہماری آئینی ذمہ داری ہے،وزیرخارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ ہماری آئینی ذمہ داری اور ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔یہ بات انہوں نے رکن قومی اسمبلی و سرپرست اعلی پاکستان ہندو کونسل رمیش کمار سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔بات چیت کے دوران جودھ پور میں ہونے والے المناک واقعے اور ہلاک ہونے والے 11 پاکستانی ہندوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رمیش کمار نے واقعہ کی تفصیلات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پر زور مطالبے کے باوجود جودھ پور واقعہ کی شفاف تحقیقات نہیں ہو سکیں۔رمیش کمار نے کہا کہ بھارتی پولیس خود کشی کا ڈرامہ رچا کر اصل حقائق پر پردہ ڈال رہی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ ہماری آئینی ذمہ داری اور ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔بھارت میں پاکستانی ہندو خاندان کی ہلاکت پر ہمیں شدید دکھ اور تشویش ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جودھ پور میں ہونے والے اس انسانیت سوز واقعے پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس واقعہ کی شفاف انکوائری کیلئے بھارتی حکومت سے اس واقعہ کی تحقیقات میں پاکستان کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ہم نے بھارت پر زور دیا ہے کہ جودھ پور واقعہ پر پاکستان کو مکمل تفصیلات سے آگاہ رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں