آئی ٹی یو نے پاکستان کو فورتھ جنریشن ریگولیٹر(جی 4 )کا درجہ دے دیا

اسلام آباد: بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو)نے پاکستان کو فورتھ جنریشن ریگولیٹر(جی 4 )کا درجہ دے دیا،پاکستان اس مقام کو حاصل کرنے والا جنوبی ایشیا کاپہلا ملک بن گیا ہے۔ جمعرات کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایشیا پیسیفک کے 38 ممالک میں سے صرف 8فیصد ریاستیں ہی جی4 کی حیثیت حاصل کرنے میں کامیاب ہیں، آئی ٹی یو کی رپورٹ ”گلوبل آئی سی ٹی ریگولیٹری آئوٹ لک 2020 (جی آئی آر او)” کے مطابق، پاکستان نے 100 میں سے 88 نمبر حاصل کئے جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے آئی سی ٹی ریگولیشنز معاشی اور معاشرتی پالیسی کے اہداف پر مشتمل ہیں،پاکستان پورے ایشیا پیسیفک خطے میں سرفہرست پہلے پانچ ریگولیٹرز میں شامل رہا جبکہ عالمی درجہ بندی میں 48 ویں نمبر پہ رہا۔ جی آئی آر او 193 ممالک کی طرف سے فراہم کردہ اعلی کوالٹی ڈیٹا پر مشتمل ہے جو کہ آئی سی ٹی ریگولیٹری ٹریکر کی بنیاد ہے۔ آئی ٹی یو کا تیار کردہ ٹریکر شواہد پر مبنی ایک ٹول ہے جس کے ذریعے فیصلہ سازوں اور ریگولیٹرز کو آئی سی ٹی ریگولیشن کے ارتقا کی نگرانی کرنے میں مدد ملتی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ریگولیٹری اتھارٹی کے لئے 20 میں سے 20 نمبر حاصل کئے۔ رپورٹ میں باہمی تعاون کے ساتھ ریگولیشن کی جانب پاکستان کے سفر کوخصوصی طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی اور سماجی و معاشی فوائد کے پیش نظر نئے بین الاقوامی بینچ مارک کے تحت صارفین کے مفادات کے تحفظ اور عوامی نجی تعاون کے فروغ کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔(ع ا)

اپنا تبصرہ بھیجیں