سری لنکا کیخلاف سیریز قومی کھلاڑیوں کے اعتماد کی بحالی کیلئے ضروری تھی،رمیز راجہ

لاہور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز قومی کھلاڑیوں کے اعتماد کی بحالی کیلئے ضروری تھی۔ رمیز راجہ کے مطابق یہی وقت ہے قومی ٹیم دفاعی سوچ سے نکل کرا نڈر کرکٹ کھیلے اور مختلف شاٹس اور ورائٹی کا استعمال کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک ایک بہترین ٹیم نہیں بن سکتے جب تک مختلف سوچ کے ساتھ جارحانہ کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی پاکستان آنے والی ٹیم اوسط درجے کی ہے اس لئے قومی ٹیم کو اس کا دبا لینے کی ضرورت نہیں بلکہ قومی سکواڈ میں انڈر 23اور انڈر 19میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی شامل کرنا چاہئے تھے۔خیال رہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی پر آئی سی سی کا اعتماد بھی بڑھنے لگا ہے، آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کردیا۔آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اور علیم ڈار امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔رپورٹ کے مطابق آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا، شوزب رضا اور آصف یعقوب بھی سیریز میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں