وزیر قانون فروغ نسیم نے سینیٹر مشاہد اللہ کو کوئی دھمکی نہیں دی‘ ہم ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں، سینیٹر شبلی فراز کی وضاحت

اسلام آباد (این این آئی)سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے واضح کیا ہے کہ وزیر قانون فروغ نسیم نے سینیٹر مشاہد اللہ کو کوئی دھمکی نہیں دی‘ ہم ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔جمعہ کو سینیٹر مشاہد اللہ خان اور سینیٹر شیری رحمان کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فروغ نسیم نے آرڈیننسز کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ ہماری ایک ارینجمنٹ ہوئی ہے جس کے تحت اپوزیشن آرڈینسز کو بلوں کی شکل میں لانے میں حکومت سے تعاون کریگی تاہم اس دن اپوزیشن کی طرف سے مخالفت کے دوران سینیٹر مشاہد اللہ خان کو ڈاکٹر فروغ نسیم نے نہ کوئی دھمکی دی اور نہ ہی ان کا اس طرح کا کوئی ارادہ تھا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے سیاسی پوائنٹ سکورننگ کر لی ہے،خواتین کے حقوق سے متعلق ملکیتی‘ حقوق برائے خواتین (ترمیمی) آرڈیننس پیش کرنے میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے کیونکہ یہ عام خواتین سے متعلق ہے جن کے حقوق متاثر ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں