محمد عامر کی مسلسل خراب پرفارمنس پر ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز پریشان

لاہور قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کی خراب پرفارمنس نے ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز کو پریشان کردیا ہے۔مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان 12 اپریل کو پنڈی میں ختم ہونے والے پاکستان کپ کے بعدکیا جائے گا لیکن ورلڈ کپ سے 10ہفتے قبل فاسٹ بولر محمد عامر کی مسلسل خراب فارم ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز کے لئے پریشانی کا باعث ہے۔محمد عامر کو پاکستانی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ انہیں گزشتہ سال ستمبر میں ایشیا کپ کے بعد بھی پاکستانی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا۔ 26سالہ فاسٹ بولر کی بولنگ فارم مایوس کن حد تک خراب ہے، 18جون 2017کو اوول میں بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمپنز ٹرافی فائنل کے بعد سے اب تک 14ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں جب کہ 9 میچوں میں محمد عامر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف شارجہ کے میچ میں محمد عامر نے 9 اوورز میں 59 رنز دیئے اور وہ وکٹ سے محروم رہے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ محمد عامر کو مسلسل موقع دے رہی ہے، اس وقت پاکستان ٹیم میں جنید خان، عثمان شنواری اور محمدحسنین جیسے بولر موجود ہیں جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم میں جگہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ورلڈ کپ 2019صرف دو ماہ کی دوری پر ہے جس کے باعث اس سیریز نے بہت اہمیت اختیار کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں