کوئٹہ + اسلام آباد جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ
کوئٹہ + اسلام آباد جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ جے یو آئی اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کے قائدین کو اپوزیشن کے حتمی کاز کی طرف لانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے لیکن اب تک ہمیں مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے، لیکن ہم نا امید نہیں ہیں اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ سربراہی اجلاس میں ہم انشاء اللہ اس کوشش میں کامیاب اور کامران ہونگے۔ ہفتہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ سربراہی اجلاس میں کوشش کی جائے گی کہ تمام صورتحال پر حتمی فیصلہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی مرکزی شوریٰ اور عاملہ کا اجلاس آج اور کل ہورہا ہے، جس میں دونوں صورت پر غور کیا جائے گا کہ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتیں کھل کر ساتھ دیں گی یا صرف ان کے ورکرز کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا، اس لیے حتمی مشاورت کے لیے آج اور کل اسلام آباد میں اجلاس بلایا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ایک سال میں ایک دن بھی عام آدمی کو ریلیف فراہم نہیں کیا ہر آنے والا دن پہلے دن سے بھاری ثابت ہوا ہے اور لگتا ہے کہ درمیانے وقفے کو نکال کر موجودہ حکومت کی کابینہ، وزراء اور پالیسیاں پرویز مشرف کی ہیں وزیر خزانہ سمیت پوری کابینہ میں وہی لوگ ہیں جو ماضی میں انہی عہدوں اور وزارتوں پرفائز رہے ہیں اور ان میں نیب زدہ اور قابل احتساب افراد کی بھر مار ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نمائشی اور برائے نام ہے، ”نکے” کا نام ہے فیصلے ”ابا” کررہا ہے۔