سعودی عرب میں سیاحتی سرگرمیوں کے لیے فوری لائسنس کا اجرا

ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے ملک بھر میں سیاحتی سرگرمیوں کو برق رفتار آگے بڑھانے کے لیے آن لائن سروسز کے ایک نئے پیکج کی منظوری دی ہے جس کے تحت سیاحتی سرگرمیوں پر فوری عمل درآمد کے لیے پرمٹ اور لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سیاحت و قومی ثقافتی ورثے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ریکارڈ وقت میں سیاحت سے متعلق اقدامات کو انجام دینے کے لیے فوری آن لائن لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔سیاحت کے شعبے میں ترقی کی رفتار میں اضافے تیز رفتار سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے آسان اور فوری لائسنس جاری کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مملکت میں سیاحت کے حوالے سے ویڑن 2030ء کے اہداف کو پورا کیا جا سکے۔سرمایہ کاروں کو براہ راست اور فوری سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے کے لیے TLG.scth.gov.sa کے عنوان سے ایک آن لائن پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس آن لائن پورٹل سے دفاتر کی بکنگ، سیاحتی رہائشی یونٹوں کی بکنگ، ٹور کے لیے ہوائی جہازوں میں ریزر ویشن اور سیاحتی ایجنسیوں کیساتھ رابطے کی کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔دوسری طرف سعودی عرب کی حکومت ملک میں سیاحت کیشعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مملکت میں سیاحتی ویزوں کے اجراء کے بعد آنے والے وقت میں اس شعبے میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہونیکی توقع کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں