بحرین میں چار سعودی خواتین سمیت کرونا کے 23کیس، تعلیمی ادارے بند

منامہ(این این آئی)بحرین نے مہلک کرونا وائرس کے نو مزید کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد اس ننھی خلیجی عرب ریاست میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیئیس ہوگئی ہے۔بحرینی حکومت نے کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے اور جامعات دو ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بحرین کی وزارت صحت نے بتایا کہ دبئی اور شارجہ سے آنے والے بحرینی اور سعودی شہریوں کے منامہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ان میں نو افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ان میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔وزارت نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس کے جن نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے، ان میں چار بحرینی خواتین شارجہ کے راستے ایران سے آئی تھیں۔دو بحرینی مرد شہری شارجہ اور ایک دبئی کے راستے ایران سے آیا تھا۔وزارت صحت نے کہا کہ ایران سے آنے والے کرونا وائرس کا شکار ان مسافروں کے ساتھ دوسرے ایسے مسافروں کو بھی حفظ ماتقدم کے طور پر الگ تھلگ رکھا جائے گا جن کے ٹیسٹوں کے نتائج منفی آئے ہیں۔دریں اثناء سعودی عرب کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ وہ بحرینی وزارت کے ساتھ چار متاثرہ سعودی خواتین کے علاج کے سلسلے میں رابطے میں ہے۔ انھیں مکمل صحت یاب ہونے تک بحرین ہی میں رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں