فلسطین میں پہلے کرونا مریض کی وفات، متاثرہ افراد کی تعداد 64 ہوگئی

مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطینی حکومت کے ترجمان ابراہیم ملحم نے بتایا ہے کہ فلسطین میں کرونا کا شکار ہونے والی ایک خاتون چل بسی۔ فلسطینی اراضی میں کرونا سے یہ پہلی ہلاکت ہے جب کہ 64 افراد اس وبا کے نتیجے میں متاثر ہوئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ابراہیم ملحم نے ایک بیان میں کہا کہ بیت المقدس کے نواحی علاقے بدو کی رہائشی ایک معمر خاتون کو چند روز قبل کرونا کی تشخیص کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسے یہ وائرس دوسرے افراد یا اسرائیل میں کام کرنے والے ملازمین سے لگا ہے۔ فوت ہونے والی خاتون کے داماد اور بعض دوسرے رشتہ داروں کے بھی کرونا کا شکار ہونے کا شبہ ہے تاہم ان کے ٹیسٹوں کی رپورٹس جاری نہیں کی گئیں۔فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی علاقوں میں کرونا وائرس کے باعث ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا تھا۔ فلسطین میں کرونا کی وجہ سے تعلیمی ادارے ایک ماہ کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔ ریستوران ، کیفے ، جم ، شادی ہال اور عوامی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ان احتیاطی تدابیر کے تحت بیت المقدس شہر میں مساجد اور گرجا گھروں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں