امریکی بحری بیڑے پر موجود 23 افراد کی کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق

واشنگٹن(این این آئی)امریکی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ بحر الکاہل میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ پر موجود کم سے کم 23 افراد کے کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ کرونا میں مبتلا ہونے والے تمام مریضوں کو ایک بندرگاہ پر الگ تھلگ کیا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس ہفتے کے آغاز میں مذکورہ بحری بیڑے پر موجود تین افراد کے کرونا ٹیسٹ پازیٹو آئے جس کے بعد انہیں وہاں سے الگ کیا گیا تھا۔ نیوی آپریشنز کے کمانڈر ایڈمرل مائک گلڈے نے ایک بیان میں کہا کہ بیڑے پرموجود کویوڈ 19متاثرہ مزید مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بحری بیڑے پر موجود 5000 دیگر افراد کی جانچ کی جا رہی ہے۔ امکان ہے کہ مزید بھی کچھ لوگ کرونا کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک کرونا کے جتنے مریض سامنے آئے ہیں ان میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں اور نہ ہی کسی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں