کورونا سے صحتیاب ہونیوالے مریض کے والد کا وزیراعلیٰ سندھ سے اظہار تشکر

کراچی(این این آئی)کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے ایک مریض کے والد نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے خط لکھ کر اظہار تشکر کیا۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کی جانب سے ٹوئٹ میں صحتیاب ہونے والے مریض کے والد کا خط شیئر کیا گیا جس میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی خدمات کو خوب سراہا۔صحتیاب ہونے والے مریض کے والد نے اپنے خط میں لکھا کہ میرا بیٹا ایران میں زیارت کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہوا تھا، اس خوفناک خبر کے بعد آپ کی حکومت کی جانب سے جو اقدامات کیے گئے وہ قابل ذکر ہیں۔خط میں والد نے کہا کہ وہ وزیر اعلی سندھ کے بے حد شکرگزار ہیں کہ انہوں نے بیٹے کی بیماری کے تمام اخراجات اٹھائے۔علاوہ ازیں والد نے محکمہ صحت اور تمام میڈیکل اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس حوالے سے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام پاکستانی اجتماعی کوششوں سے کورونا وائرس کا خاتمہ کرسکتے ہیں، خطرناک وباء سے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کے ذریعے ہی نمٹا جاسکتا ہے اور پاکستانی قوم کا اس وباء پر قابو پانا مشکل نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں