اداکار شاز خان کے نئے روپ نے سب کو حیران کر دیا

لاہور: پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار شاز خان نے اپنی آنے والی فلم میں اپنے آپ کو فائٹر میں تبدیل کر کے سب کو دنگ کر دیا ۔ اداکار شاز خان اپنی آنے والی فلم دی مارشل آرٹسٹ میں ایک ایم ایم اے فائٹر کا کردار نبھائیں گے جس کے لیے وہ کیلی فورنیا میں ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ شاز خان نے اپنی چند تصاویر سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں جس میں انہوں نے اپنے کردار کی جھلک دکھائی، اور ان تصاویر میں وہ ایک فائٹر دکھائی دے رہے ہیں۔ اداکار اس فلم میں اپنے کردار کے لیے کیلی فورنیا میں معروف کوچ ایم ایم اے چیمپئن رافائل کورڈیرو کی سربراہی میں مارشل آرٹس کی ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ دی مارشل آرٹسٹ فلم کا اسکرپٹ اداکار شاز خان نے خود ہی لکھا ہے اور اس فلم کی کہانی ایک مارشل آرٹسٹ پر مبنی ہے جو کہ کیلی فورنیا سے لڑتا ہے اور اچانک اسے پاکستان آنا پڑتا ہے۔ اداکار نے فلم کے اسکرپٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جس میں انہوں نے فلم کا اسکرپٹ مکمل ہونے کے بارے میں بتایا تھا۔واضح رہے کہ اداکار شاز خان پاکستانی فلم دوبارہ پھر سے اور پرواز ہے جنون جیسی فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں، فلموں کے علاوہ شاز خان متعدد ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں